پاکستان، سری لنکا تجارت کے فروع کیلیے کام کریں ، خالد تواب

379

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایف پی سی سی آئی کے سابق سینئر نائب صدر خالد تواب نے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا دوطرفہ تجارت اور سیاحت کے فروغ کے لیے اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔اُنھوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مثالی تعلقات ہیں تاہم ان تعلقات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دونوں ممالک کو دو طرفہ تجارتی،اقتصادی اور سیاحت کے فروغ کے لیے پوشیدہ امکانات اور نئی راہیں تلاش کرنی ہوں گی۔ سری لنکا کے وزیر برائے تجارت ڈاکٹر بندولا گناوردانہ سے اِن خیالات کا اظہار ایف پی سی سی آئی کے سابق سینئر نائب صدر نے اپنی رہائش گاہ پر کیا۔ خالد تواب نے کہا کہ کورونا وبا کے تناظر میں دونوں ممالک کو باہمی تجارتی سرگرمیاں جاری کرنے میں چیلنجز کا سامنا ہے۔انھوں نے کہا کہ سال 2020 میں کورونا کے مہلک اثرات کے باوجود دونوں ممالک کے درمیاں دوطرفہ تجارتی حجم 460 ملین امریکی ڈالر رہا ہے جس میں سے 74 ملین ڈالرز سری لنکا سے پاکستان کو برآمدات ہوئی ہے۔74 ملین ڈالرز ایکسپورٹ میں سے 53 ملین ڈالرز کی پاکستان کو ایکسپورٹ ایف ٹی اے کے تحت ہوئی ہے۔خالد تواب نے ایف ٹی اے پر تفصیل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے مرکزی بینک اور پاکستان کے اسٹیٹ بینک کو دونوں ممالک میں مقامی کرنسیوں میں تبادلہ معاہدے کے ذریعے باہمی تجارت کی اجازت دیں۔انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت میں بہت سارے مسائل ہیں جن میں سب سے بڑا مسئلہ دونوں ممالک کے پالیسی ساز اداروں اور تاجر برادری کے درمیان روابط کا فقدان ہے۔خالد تواب نے سری لنکا کے وزیر کو اسلام آباد سے استنبول براستہ تہران آئی ٹی آئی کارگو ٹرین ٹرین سے متعلق آگاہی بھی دی۔