پی سی بی کا فوکس اسپورٹس کے ساتھ شراکت داری کا معاہدہ

311

کراچی (اے پی پی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ پی سی بی اور فوکس اسپورٹس کے درمیان براڈکاسٹ کی شراکت داری کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔ پی سی بی سے منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق معاہدہ کے تحت فوکس اسپورٹس اب اپریل 2023 تک پاکستان میں کھیلے جانے والے ہوم انٹرنیشنل میچز اورپی ایس ایل کے میچز کو آسٹریلیا میں براہ راست نشر کرے گا ۔ دونوں فریقین میں معاہدے کے بعداب فاکس ٹیل گروپ کے 24لاکھ صارفین کو پاکستان میں کھیلی جانے والے ہوم انٹرنیشنل سیریز اور پی ایس ایل کے میچز براہ راست دیکھنے کی سہولت موجود ہوگی۔ اس معاہدے کا آغاز 27 جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہونے والے پی ایس ایل 7 کے میچز سے ہوگا۔اس سے قبل پی سی بی نے مشرق وسطی اور شمالی افریقا میں موجود پاکستان کرکٹ فینز کے لیے اتصالات، کیریبین سرزمین پر فلو اسپورٹس ، نیوزی لینڈ میں اسکائی این زیڈ ، برطانیہ میں اسکائی اسپورٹس ، پاکستان کے علاوہ پورے جنوبی ایشیا میں سونی ، سب صحارا افریقا میں سپر اسپورٹس اور شمالی امریکہ میں ولو ٹی وی کے ساتھ بھی شراکت داری کے معاہدے کر رکھے ہیں۔