20ینگ فٹبالرز کو ترنیت کیلیے بیران ملک بھیجا جائے گا ، عثمان ڈار

331
اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار، برطانوی فٹبالر مائیکل اوون کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کررہے ہیں

اسلام آباد(جسارت نیوز)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نوجوان امور عثمان ڈار نے کہا ہے کہ ملک میں فٹ بال کھیلنے والوں کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ کا پورا پروگرام مرتب کیا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دنیا کے مقبول ترین فٹ بالر مائیکل اوون کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مائیکل اوون پاکستان میں فٹ بال کے فروغ کے لئے آئے تھے اور مائیکل اوون نے پاکستان آنے کا جو وعدہ کیاتھا وہ نبھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فٹ بال کھیلنے والوں کے لئے ٹیلنٹ ہنٹ کا پورا پروگرام مرتب کیا جا رہا ہے اور پاکستان کے نوجوانوں کو کھیل کے بھرپور مواقع فراہم کیے جارہے ہیں۔عثمان ڈار نے کہاکہ پورے پاکستان سے ٹیلنٹ تلاش کرکے پلیٹ فارم مہیا کیا جائے گا اورکھیلوں کو معیشت کا درجہ دلانے کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ ڈرائیو سے نوجوانوں کے لئے روز گار کے مواقع پیدا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے10 علاقوں میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام جاری ہے اورٹیلنٹ ہنٹ کے ذریعے 100 بچوں کا انتخاب کرکے ان کو تربیت دی جائے گی۔100 میں سے بہترین 20 بچوں کو تربیت کے لئے بیرون ملک بھیجا جائے گا اور ہربچے کی تربیت پر 12سے 13لاکھ روپے خرچ ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں 12 کھیل شامل ہیں اور جس میں فٹ بال کا کھیل بھی شامل ہے۔مائیکل اوون نے کہا کہ پاکستان آکر بہت خوشی کا احساس ہو رہا ہے اور پاکستان کھیلوں سے محبت کرنے والا ملک ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے نوجوان فٹ بال کے کھیل سے بہت لگائو رکھتے ہیں اور پاکستان میں فٹ بال کے حوالے سے بڑا ٹیلنٹ موجود ہے۔ مائیکل اوون نے کہا کہ پاکستانی فٹ بال کے کھلاڑیوں کی صلاحتیوں کو بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہیں اورپاکستانی ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔