حکومت نے احتساب کمیشن کو تالا لگا کر کرپشن بڑھا دی، شازیہ مری

204

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ نااہل حکومت نے پہلے کے پی میں احتساب کمیشن کو تالا لگوایا اور پھر ملک میں کرپشن کو بڑھا دیا جبکہ عمران خان نے 4 سال کے اقتدار میں کرپشن اور تباہی کے سوا کچھ نہیں کیا، حالیہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ سے ثابت ہوگیا کہ عمران خان کا کرپشن کے خلاف بیانیہ بھی دھوکا تھا اور پاکستان کا کرپشن انڈیکس میں 16 درجے آگے جانا صادق اور امین کا کمال ہے، شازیہ مری نے ان باتوں کا اظہار ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے ردعمل میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور بی آر ٹی اور بلین ٹری میگا کرپشن حکومت کی کھلی داستان ہے اور ایل این جی کی خریداری میں تاخیر کرکے قوم کے اربوں روپے لوٹے گئے اور لوگوں پر مزید ٹیکس لگایا جبکہ اب کرپشن بڑھنے کا ملبہ بھی کسی وزیر یا مشیر پر ڈال دیا جائے گا جبکہ ملک میں اصل نااہل عمران احمد نیازی خود ہے۔