وسیم اختر بیان واپس لیں‘ سندھی قوم سے معافی مانگیں، سردار رحیم

307

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکرٹری اور جی ڈی اے کے سیکرٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما وسیم اختر کے متنازع بیان کو ناقابل برداشت اور شر انگیز قرار دیتے ہوئے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت سے ایسے شر انگیز بیان کو فوری واپس لینے اور اس سے لاتعلقی کا اعلان کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے، انہوں نے کہا کہ وسیم اختر کا بیان ملکی سالمیت کے خلاف ہے، بنگال میں بھی ایسا ہی ہوا تھا جس کی وجہ سے بنگلادیش پاکستان سے الگ ہوگیا یہ بیان پاکستان کی سالمیت پر حملہ ہے۔ وسیم اختر نے یہ بیان واپس نہ لیا اور سندھی قوم سے معافی نہ مانگی تو ہم ایم کیو ایم پاکستان کا ہر سطح پر بائیکاٹ کریں گے اس بیان سے امن کی فضا خراب ہوگی۔ منگل کو فنکشنل لیگ ہاؤس کلفٹن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ایم کیو ایم سے اچھے تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں مگر اس قسم کے بیان سے تعلقات خراب ہونگے، ہم کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کریں گے کہ لوگوں کے خلاف نفرت پھیلائی جائے۔