بھولو خانزادہ کے قتل پر سیاست کی گئی، مصطفی کمال

208

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ بھولو خانزادہ کے قتل پر سیاست کی گئی،نام نہاد لیڈر مہاجروںکوبند گلی میںدھکیل رہے ہیں،30 جنوری کا سورج ثابت کردے گا کہ پی ایس پی سندھ کے ظالم اور متعصب حکمرانوں کے ظلم کیخلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں کراچی کی تاجر برادری کے نمائندوں کے اعزاز میں پاک سرزمین بزنس فورم کی جانب سے دیے گئے عشایے میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح بھولو خانزادہ کے قتل پر سیاست کی گئی، اس سے صاف ظاہر ہے کہ موت کے سوداگروں کو اپنی ناکام سیاست چمکانے کے لیے لاشوں کا انتظار ہے۔ ایک جانب نام نہاد مہاجر لیڈران مہاجروں کو ایک بار پھر بند گلی کی جانب دھکیل رہے ہیں تو دوسری جانب نام نہاد سندھی قوم پرست لیڈران سندھیوں کی موت کے ذمے دار ہیں۔ ملک میں خصوصاً سندھ میں احساس محرومی بہت زیادہ ہے، دشمن ہمارے مسلک، زبان اور سیاسی وابستگی کی فالٹ لائنز کے ذریعے ملک کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے۔ موجودہ حکمران اپنے متعصبانہ فیصلوں سے جلتی پر تیل ڈالنے کا کام کر رہے ہیں۔اپنی نسلوں کے لیے ملک کو صحیح سمت میں گامزن کرنے کی ضرورت ہے جس کی جدوجہد پاک سرزمین پارٹی کر رہی ہے۔ اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی اور دیگرموجود تھے۔