پولیس مقابلے میں زخمی ڈاکو سمیت 30ملزمان دھرلیے گئے

277

کراچی( اسٹاف رپورٹر) کراچی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں میں32 ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان میں اسٹریٹ کرمنلز، منشیات فروش، جواسٹاکھیلنے والے اور موٹر سائیکل لفٹرز شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ ڈاکس پولیس نے خفیہ اطلاع پر مچھر کالونی میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے جوا سٹے کھیلنے والے 2 ملزمان بلال اور شہزاد کو گرفتار کرلیا، کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان کے 3 ساتھی جن کی شناخت ریاض نیازی عرف ریاضو، لال داد اور انیل میمن کے ناموں سے کی گئی ہے فرار ہو گئے۔ویسٹ زون پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے 2 ملزمان بشیر عرف پپرا ولد چارلس اور عزیز اللہ ولد محمدیار کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان کے قبضے سے ڈھائی کلو گرام سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی چرس اور فروختگی رقم برآمد کرلی، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی کے لیے تفتیشی حکام کے حوالے کرد یا گیا ہے۔ تھانہ گلشن معمار پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے نجی بینک کے ویئر ہائوس میں چوری کرنے والے 4 ملزمان شفیق احمد، ساجد، فیاض اور جاوید حسین کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان کے 2 رکشوں میں لوڈ چوری شدہ 9 عدد ائرکنڈیشنڈ (A.C) اور بیٹریز برآمد کر لی گئیں ہیں، گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ تھانہ سرجانی پولیس نے کارروائی کے دوران متحرک موٹر سائیکل لفٹر گروہ کے 4 کارندوں محمد عارف، عثمان، محمد فہیم اور سراج الحق کو گرفتار کرلیا، ملزمان چوری شدہ موٹرسائیکلوں کا سامان / پارٹس کھول کر فروخت کرتے تھے،ملزمان کے قبضے سے 4 مکمل موٹرسائیکلیں جبکہ 3 موٹرسائیکلوںکے انجن، چیسز اور دیگر پارٹس برآمد کر لیے گئے ہیں۔ تھانہ شرافی گوٹھ پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث 3 ملزمان وحید، ذیشان اور ابراہیم کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن حاجی ثناء اللہ اور چوکی انچارج خدا کی بستی کامران کی سربراہی میں کی جانے والی کارروائیوں میں 4 چور، 8 جواری، 1 اسٹریٹ کریمنل ،خواتین کو ہراساں کرنے والے 1 ملزم کو حراست میں لیا گیا۔