مریضوں کی خدمت طب کی اساس ہے، پروفیسرسعید

215

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسرمحمد سعید قریشی نے کہا ہے کہ بلا امتیاز مریضوں کی جان بچانا اور ان کا علاج مسیحائی کی اساس ہے۔صلے اور ستائش کی تمنا رکھنا کسی مسیحا کی شان نہیں۔ مجھے حکومتِ پاکستان نے جو تمغہِ امتیاز سے نوازا ہے ، یہ اعزاز درحقیقت ڈاؤیونیورسٹی اور سول اسپتال کی میری ٹیم کا اعزاز ہے جن کی بے لوث خدمات کو ریاست نے تسلیم کیا ہے اور کورونا جیسی عالمگیر وبامیں پاکستانی ڈاکٹرز اور نیم طبی عملے نے مریضوں کی جان کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے مسیحائی کی عظمت کا پرچم سر بلند رکھا ہے۔ یہی مسیحاؤں کی پہچان اور شان ہے۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ شب کراچی پریس کلب میں ابلاغِ عامہ کے اداروں ” روزنامہ اعلان” اور “ہفت روزہ لائف ” کے اشتراک سے حکومت ِ پاکستان کی جانب سے قومی اعزاز ” تمغہِ امتیاز ” عطا کیے جانے پر اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب بعنوان “اعتراف کمالِ و تقریب ِ سعید” میں بحیثیت مہمان ِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہید ِ پاکستان حکیم محمد سعید کی 102 ویں سالگرہ کا کیک پروفیسر رشید جوماکے ہمراہ کاٹا اور ہمدرد کے سال 2022 کے کیلنڈر کی رونمائی بھی کی، قبل ازیں کراچی پریس کلب کی جانب سے خازن عبدالوحید راجپراور گورننگ باڈی کے رکن سید اطہر حسین نے پروفیسر رشید جوما اور پروفیسر محمد سعید قریشی کو اجرک اور کلب کی یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔