سیاحوں کو جدید سہولیات دینے کیلئے محکمہ سیاحت مزید منصوبے لارہی ہے، حسان خاور

418

وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور نے کہا ہے کہ سیاحوں کو جدید سہولیات دینے کے لیے محکمہ سیاحت پنجاب مزید منصوبے بھی لا رہی ہے۔ پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے مری میں نئے سیاحتی منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ محکمہ سیاحت پنجاب ٹوارزم میں جدید اور پرکشش اضافے کرنے جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانسرہ گلی مری میں چار ایگلوز لوگوں کو ایک نیا پکنک پوائنٹ مہیا کر رہے ہیں جبکہ گلاس ایگلوز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بنایا گیا ہے۔ حسان خاور نے کہا کہ ایگلوز کی سروسز کے معیار کو سیاحوں کے لیے بہترین بنایا گیا ہے، اسی طرز کے ایگلوز شمالی پنجاب میں مزید بھی لگائے جائیں گے۔ انکا کہنا ہے کہ سیاحوں کو جدید سہولیات دینے کے لیے محکمہ سیاحت پنجاب مزید منصوبے بھی لا رہی ہے، بانسرہ گلی کے بعد درابی ڈیم چکوال، کوٹلی ستیاں مری میں ایگلوز انسٹال کیے جائیں گے۔ پنجاب حکومت کے ترجمان نے مزید کہا کہ پنجاب میں سیاحت کے شعبے کی ترقی سے معاشی وسائل کے ساتھ مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ ہوگا۔