اسکول کھلنے کی خوشی ، طالبعلم اسکول گیٹ پر سجدہ ریز، ویڈیو وائرل

625

بچے کی اچھی تعلیم و تربیت سے ہی بچے کے اچھے گُن سامنے آتے ہیں ، ایسا ہی ایک بچہ جو سعودی عرب کا رہائشی ہے اسکی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں  تعلیمی ادارے کھلنے پر طالبعلم اظہار شکر کے لیے اسکول کے دروازے پر سجدہ ریز ہوگیا

مہلک عالمی وبا ء کورونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور اس وباء کے دوران کئی خاندانوں نے اپنے پیاروں کو کھویا، ہلاکتوں میں جب تشویشناک اضافہ ہوا تو بہت سے ممالک نے بڑا قدم اُٹھاتے ہوئے حکمت عملی اپنائی اور سخت فیصلے کیے تاکہ لوگوں کو اس ہلاکت خیز وباء سے محفوظ رکھا جاسکے۔

ان میں سے ایک سخت فیصلہ اسکولوں کو بند رکھنے کا بھی تھا تاہم کچھ ممالک میں کورونا کیسز میں کمی کے بعد اسکولوں کو دوبارہ کھول دیا گیا، ان ممالک میں سعودی عرب بھی شامل ہے جہاں 2 سال بعد بالآخر تعلیمی ادارے کھول دیئے گئے۔

سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پیش نظر 2 سال تک طلبا آن لائن کلاسز کے ذریعے پڑھتے رہے تاہم تعلیمی ادارے کھلنے کے بعد طلبا نے اپنی اپنی درس گاہوں کا رُخ کیا، ان میں سے ایک طالبعلم ایسا بھی تھا جس نے اسکول کھلنے پر خوبصورت انداز میں رب کا شکر ادا کیا۔

سوشل میڈیا پر یہ دل کو چھو لینے والی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک طالبعلم اسکول میں داخل ہوا اور دروازے پر جائے نماز بچھا کر رب کا شکر ادا کرتے ہوئے سجدہ ریز ہوگیا۔

اس دوران ایک استاد بھی اسکول میں داخل ہوئے اور طالبعلم کا یہ عمل دیکھ کر وہیں رُک گئے جب طالبعلم سجدے سے اُٹھا تو وہ اسکا ماتھا چوم لیتے ہیں۔

ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کے دلوں کو بھی چھولیا، انہوں نے طالبعلم کے اس عمل کو سراہتے ہوئے اس کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔