سعودی عرب میں 10ارب درخت لگانے کیلئے پاکستان مدد کرے گا، ایم او یو پر دستخط

271

سعودی عرب میں 10ارب درخت لگانے کے لیے پاکستان مدد کرے گا، دونوں ممالک میں شجرکاری کے لیے ایم او یو پر دستخط کردیے گئے، پاکستان اور سعودیہ عرب کے درمیان طے پایا ہے کہ سعودی عرب میں 10ارب درخت لگائے جائیں گے جس کے لیے پاکستان تکنیکی مہارت فراہم کرے گا۔ معاہدے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے سعودی وزارت ماحولیات کا وفد پاکستان پہنچ گیا،وفد پاکستان کی شجرکاری میں مہارت سمیت پلانٹیشن سائیٹس کے مشاہدے اور ماہرین سے استفادہ کرے گا۔ پاک سعودی حکام کے درمیان اس حوالے سے معاہدے پر عمل درآمد کے ضمن میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے گئے،سعودی عرب کے وزارت ماحولیات کے سی ای او ڈاکٹر خالد کا اس موقع پر کہاکہ سعودی عرب گرین اینی شیٹیو کے تحت سعودی عرب و مشرق وسطی میں بڑے پیمانے پر پلانٹیشن کرنے جارہا ہے، سعودی گرین اینی شیٹیو کے تحت مڈل ایسٹ میں مجموعی طور پر چالیس ارب درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس میں سے دس ارب پودے سعودی عرب میں لگائے جائیں گے، سعودی حکومت شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے حکومت پاکستان کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنا چاہتی ہے۔ دنیا بھر میں حکومت پاکستان کے بلین ٹری سونامی منصوبہ کو سراہا جارہا ہے اور اسے ایک ماڈل کے طور پر لیا جارہا ہے اس لیے ہماری خواہش ہے کہ ہم پاکستان کے تجربات سے سیکھیں،اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گرین ڈپلومیسی کا باضابطہ آغاز ہورہا ہے، دونوں ملکوں کے مابین سعودی عرب میں شجرکاری کیلئے باضابطہ معاہدہ طے پاچکا ہے، معاہدے کے تحت پاکستان سعودی عرب میں دس ارب پودے لگانے کیلئے معاونت فراہم کرے گا، انہوں نے کہا کہ دنیا میں پاکستان کے گرین وژن کو پذیرائی مل رہی ہے، دنیا میں اب ہمارے گرین وژن کو ماڈل کے طور پر دیکھا جارہا ہے، سعودی عرب کے ساتھ معاہدہ بھی اسی ویژن کی بدولت ہے، سعودی عرب نے گرین اینی شیٹیو کے تحت سعودی عرب و مشرق وسطی میں 40ارب پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے جس کے لیے اپنی مہارت و تجربہ شیئر کرینگے۔