مریم اورنگزیب کا وزیراعظم کو ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر قوم سے خطاب کرنے کا چیلنج

327

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کو ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر قوم سے خطاب کرنے کا چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب قوم کو بتائیں کہ آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی کی چوری کی وجہ سے پاکستان میں آج کرپشن بڑھ چکی ہے،آپ کی کرپشن، لوٹ مار کے نتیجے میں آٹا چینی بجلی گیس دوائی سمیت کوئی چیز عوام خریدنے کے قابل نہیں رہی ،عمران صاحب کرپشن کا آپ کا اعمالِ نامہ سامنے آنے کے بعد اب آپ سڑکوں پر نہیں نکلیں گے بلکہ جیل جائیں گے۔ اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا عمران صاحب اور ان کے مافیاز، کارٹلز اور اے ٹی ایمز کی کرپشن کے نتیجے میں پاکستان کی معیشت تباہ ہوئی، بے روزگاری اور مہنگائی کا سونامی آیا ،2013 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی تو پاکستان کرپشن انڈیکس میں 127 نمبر پر تھا ،پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور میں ملک میں کرپشن میں کمی آئی اور پاکستان 117 نمبر پر آگیا ، پاکستان مسلم لیگ (ن) دور میں ہر سال کرپشن انڈیکس میں مسلسل کمی آئی،2013 سے 2018 کے درمیان ریکارڈ ترقی ہوئی، ریکارڈ شفافیت آئی،وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک میں سی پیک آیا، ایل این جی، پاور پلانٹس، موٹرویز، پبلک ٹرانسپورٹ کے درجنوں منصوبے لگے،کھربوں روپے کے منصوبوں کے ساتھ ملک میں کرپشن میں کمی بھی آئی۔ انہوں نے کہا عمران صاحب نے ملک کو دھیلے کی ترقی نہیں دی، ایک نیا منصوبہ نہیں دیا الٹا لوٹ مار کے نئے ریکارڈ قائم کر دئیے، کرپشن کے اس عذاب نے آج قوم سے کھانے پینے کی اشیاء بھی چھین لیں، قوم کو روٹی کا محتاج کر دیا۔