بھارت ایک غاصب ملک ہے جس نے کشمیر پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے،چوہدری محمد یٰسین 

215

مظفرآباد:صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر وممبر قانون ساز اسمبلی چوہدری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ بھارت ایک غاصب ملک ہے جس نے کشمیر پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرنے کے بجائے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہا ہے اورمقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے جعلی محاصروں اور سرچ آپریشن کے نام پر مظلوم کشمیریوں کی ٹارگٹ کلنگ کی جا رہی ہے کشمیریوں کے بنیادی حقوق سلب کررہے ہیں اسی لیے بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ کے موقع پر کشمیری دنیا بھر میں آج یوم سیاہ منا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے جمہوریت اور سیکولر ازم کا نقاب اوڑھ رکھا ہے اور دنیا کو دھوکہ دے رہا ہے بھارت میں کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں اور ان کی عبادت گاہیں بھی محفوظ نہیں مساجد،چرچ اور گرداورے بھی ان سے محفوظ نہیں بھارت ایک جنونی ہندئو ریاست بن چکا ہے اور ملک پر انتہاء پسند ہندئوں کی حکمرانی ہے ریاستی اداروں کی سرپرستی میں اقلیتوں کا قتل عام ہو رہا ہے۔بابری مسجد کی شہادت گولڈن ٹمپل میں ہزاروں سکھوں کا قتل عام عبادت گاہوں کی بے حرمتی روز کا معمول ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت آہستہ آہستہ تقسیم کی طرف بڑھ رہا ہے جلد ہی بھارت کے ٹکڑے ٹکڑے ہونے والے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے مظالم کے خلاف دنیا کی خاموشی مجرمانہ غفلت ہے اور اس سے انتہاء پسندوں کو شہ مل رہی ہے انہوں نے کہا کہ بھارت کچھ بھی کرے بالآخر اسے کشمیریوں کو آزادی دینی ہی پڑے گی۔انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اپنی منظور شدہ قراردادوں پر عمل درآمد کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں مسئلہ کشمیر کی وجہ سے دو ایٹمی قوتیں آمنے سامنے ہیں کوئی بھی چنگاری بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے جسکا دنیا کو ادراک نہیں۔