گوبھی کی شاخ میں کینسر کے خلاف نہایت مؤثر کیمیکل دریافت

736

جاپانی سائنسدانوں نے دریافت کیا ہے کہ شاخ گوبھی (بروکولی) میں کینسر ختم کرنے والے طاقتور اجزا موجود ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق پبلک لائبریری آف سائنس(پی ایل او ایس)ون میں ہیروشیما یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے ایک نئی تحقیق میں دریافت کیا ہے کہ شاخ گوبھی میں ایک ایسا کیمیکل موجود ہے جو کہ کینسر کے خلاف نہایت موثر ثابت ہو سکتا ہے اور اس سے کینسر کے علاج میں مدد مل سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شاخ گوبھی غذا کے علاوہ دوا بھی ہے اور مستقبل میں بروکولی یا اس کے اجزا کسی سرطان کش دوا کے لیے بہترین امیدوار بھی ثابت ہوسکتے ہیں۔ پبلک لائبریری آف سائنس(پی ایل او ایس) ون میں ہیروشیما یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے خمیر(فشن ییسٹ)پر گوبھی کا اہم کیمیکل ڈی آئی ایم یعنی 3,3-Diindolylmethane آزمایا ہے، یہ قدرتی مرکب خلئے (سیل)کی زندگی مکمل ہونے پر اسے ختم کرتا ہے اور پیچیدہ طریقے سے اس کی باقیات کو ری سائیکل بھی کرتا ہے۔ کینسر میں خلیات اپنی مدت پوری کرکے ختم نہیں ہوتے اور رسولیوں میں ڈھلتے رہتے ہیں جنہیں ہم کینسر ٹیومر کہتے ہیں، تاہم خمیر کے بعد انسانوں پر ڈی آئی ایم کی آزمائش ابھی باقی ہے۔ شاخ گوبھی میں پایا جانے والا ڈی آئی ایم کیمیکل سرطانی خلیات بننے سے روکتا ہے اور آنے والے وقتوں میں کینسر کو ختم کرنے والی دوا میں مثر ثابت ہوسکتا ہے۔