بونے لیڈرعوام کے خون پر اپنی سیاست چمکانا بند کریں، علامہ راشد محمود سومرو

359

کراچی: سندھ صوفیوں کی سر زمین ہے سندھ دھرتی لسانی، قبائلی، مذہبی مسلکی تعصبات کی متحمل نہیں ہوسکتی، بونے لیڈرعوام کے خون پر اپنی سیاست چمکانابند کریں تمام مہاجر و قوم پرست تنظیموں کو دعوت دیتا ہوں صرف کراچی نہیں پورے سندھ کے حقوق کی بات کریں ہم آپ کے ساتھ جدوجہد کرنے کو تیار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے پنج موروضلع نوابشاہ ،ٹنڈوآدم ضلع سانگھڑ میں عوامی اجتماعات سے خطاب اورکراچی میں اپنی رہائشگاہ پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پرقاری عبدالقیوم چنا، مولاناعبدالغفورمینگل، مولانا دوست محمد فاروقی، قاری نظرمحمدخاصخیلی، مولاناعبدالشکورتھیبو، مولاناعبداللہ بروہی،سلیم سندھی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

انہوں نے کہاکہ سندھ میں کچھ سیاسی جماعتیں اپنی دکانداری کو طول دینے کے لئے مہاجر سندھی پٹھان فسادات کی کوشش کررہی ہیں سندھی مہاجر پٹھان بھائی بھائی ہیں، سندھیوں نے تمام قومیتوں کے لئے اپنے دل اور دھرتی کے دروازے کھولے لسانی بنیادوں پر خون خرابے کی سازش کو کسی صورت کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔

علامہ راشد محمود سومرو نے کہاکہ قرب قیامت کی نشانی ہیکہ پیپلزپارٹی کرپشن کے خلاف مظاہرے کررہی ہے، پانی اور یوریا کھادکے بحران کے خلاف مظاہرے کرنے والے بلاول بھٹو زرداری کے وزیر خوراک نے سندھ کے زمینداروں سے باردانہ کی فی بوری پر بیس فیصدکمیشن وصول کیا جس کی مالیت سات ارب بیس کروڑ بنتی ہے ، جوحکومت گندم پر سندھ کے زمینداروں سے سات ارب کاکمیشن وصول کرے وہ کس منہ سے ہاریوں کے حقوق کی بات کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی دونوں سے عاجز آچکے ہیں ، پیپلز پارٹی پنجاب کے حقوق کی بات بعد میں کرے پہلے سندھ میں آٹے کا ریٹ پنجاب کے برابر کرے پنجاب میں آٹے کی قیمت 60 روپے جبکہ سندھ میں 80 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے، علامہ راشد سومرو کا کہنا تھا کہ ہم مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں ملک کو مسائل کے دلدل سے نکالیں گے، 23 مارچ کوپاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا لانگ مارچ ہوگا جو عمران خان کے تخت کا سورج غروب کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔