متاثرہ تاجروں کی معاونت کو یقینی بنانے کے اقدامات کررہے ہیں،سید ناصر حسین شاہ

257
شیخ رشید کی خانہ بدوشی کی سیاست اور وزارت کا سورج ڈھل رہا ہے، ناصر شاہ

 

کراچی( اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات،دیہی ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کوآپریٹیو مارکیٹ صدر کراچی اور وکٹوریہ مارکیٹ صدر میں جل جانے والی دکانوں کے مالکان کی مدد کرنے کے لیے پرعزم ہے اور مارکیٹ کمیٹی کے تاجروں کے نمائندوں کے لگائے گئے تخمینے کے مطابق فنڈ کی بروقت کی فراہمی کے لیے کوششیں جاری ہیں اور سندھ حکومت بہت جلد یہ مسئلہ حل کرے گی تاکہ تاجر عید سیزن کا کاروبار کرسکیں۔ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (کے سی سی آئی) میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری صدر کی مارکیٹوں میں لگنے والی آگ سے متاثرہ تاجروں کے کاروبار کی بحالی کے لیے فکرمند ہیں اور ان کی واضح ہدایات ہیں کہ متاثرہ تاجروں کو جلد از جلد مالی معاونت فراہمی کے اقدامات کو مکمل کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی اس معاملے کو جلد حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور سندھ حکومت کے وزراء سعید غنی، جام اکرام اللہ دھاریجو، ایڈ منسٹریٹر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی اور سندھ کابینہ کے دیگر وزراء ان مارکیٹوں کے متاثرین کی مدد کے لیے مستقل رابطے میں ہیں اور بہت جلد متاثرہ تاجروں کو خوشخبری ملے گی۔اس موقع پر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے سابق صدر زبیر موتی والا، کے سی سی آئی کے دیگر عہدیداران کے ساتھ صدر کوآپریٹیو مارکیٹ کے صدر محمد فیروز اور دیگر عہدیدار اور وکٹوریہ مارکیٹ صدر کے تاجروں کے نمائندوں نے اپنے مسائل پیش کیے اور بتایا کہ ڈھائی ماہ قبل کوآپریٹیو مارکیٹ صدر میں لگنے والی آگ میں تقریباً 500 دکانیں جل کر خاک ہوگئیں اور تاجر سڑک پر آگئے۔ جبکہ وکٹوریہ مارکیٹ صدر میں لگنے والی آگ میں پانچویں منزل کی تمام دکانیں جل گئیں۔