ملک میں پچاس سال کی ضروریات کا تیل اور گیس موجود ہے، شاہد رشید

235

اسلام آباد (کامر س ڈیسک) تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ تیل اور گیس تلاش کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں کے لیے ترغیبات کا اعلان کیا جائے تاکہ ایندھن کی درامدات پر انحصار کم کیا جا سکے اور انرجی سیکورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔ جن غیر ملکی کمپنیوں کو ڈرا دھمکا کر ملک سے بھگا دیا گیا ہے انھیںہر قسم کی یقین دہانی کروا کے واپس بلایا جائے تاکہ ملکی حالات بہتر بنائے جا سکیں۔شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان میں اگلے کئی سو سال کا کوئلہ بھی موجود ہے مگر صنعتیں اب بھی درآمد شدہ کوئلہ استعمال کر رہی ہیں جس سے امپورٹ بل مسلسل بڑھ رہا ہے ۔ کوئلے کے علاوہ تیل اور گیس کا امپورٹ بل بھی مسلسل بڑھ رہا ہے جس کی ادائیگی قرضوں کے بغیر ناممکن ہے ۔ ملکی معیشت میں قرضے واپس کرنے کا دم نہیں رہا ہے اور اب قرضوں کی واپسی کی واحد صورت مزید قرضے لینا رہ گئی ہے۔انھوں نے کہا کہ امریکا کے سرکاری ادارے انرجی انفارمیشن ایڈمنیسٹریشن کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اگلے تریپن سال کی ضروریات کے لیے گیس موجود ہے مگر اسے نکالنے کے بجائے ایل این جی درآمد کر کے اربوں ڈالر ضائع کر رہے ہیں۔ اسی ادارے کے مطابق پاکستان میں اگلے پچاس سال کی ضروریات کا تیل بھی موجود ہے مگر اسے نکالنے کے بجائے سالانہ اربوں ڈالر کا تیل درآمد کیا جا رہا ہے جس نے ملکی معیشت کو نچوڑ ڈالا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کو اگلے ایک سال میںقرضوں اور دیگر ادائیگیوں کے لیے کم ازکم تیس ارب ڈالر درکار ہیں جو حکومت کے پاس موجود نہیںہیں اس لیے پرانے قرضے چکانے کے لیے نئے قرضوں کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے۔