لانگ مارچ تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا ، پیپلز پارٹی

348

سکھر(نمائندہ جسارت) قائم علی شاہ ،خورشید شاہ و دیگر کی قیادت میں پیپلز پارٹی کا ٹریکٹر ٹرالی مارچ، سیکڑوں جیالوں کی شرکت ، جیے بھٹو کے نعرے لگائے ، حکمرانوں کو عوام کا خون مزید نہیں چوسنے دیں گے، ہمارا لانگ مارچ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا ،قائم علی شاہ، خورشید شاہ و دیگر کاخطاب ،پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر پیپلزپارٹی اور اس کی ذیلی تنظیموں کی جانب سے سکھر میں روہڑی بائی پاس پیالہ ہوٹل کے مقام پر کسان ٹریکٹر ٹرالی مارچ کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ،پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ ،ایم این اے سیدہ نفیسہ شاہ ،صوبائی وزیر اویس شاہ، وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیران نواب وسان ،ارسلان اسلام شیخ ،سید کمیل حیدر شاہ و دیگر نے کسان ٹریکٹر ٹرالی مارچ میں شرکت کی۔ اس موقع پر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے قائم علی شاہ ، خورشید شاہ، نفیسہ شاہ و دیگر کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ اقتدار سے الگ کیا گیا تو خطرناک ہو جاؤں گا ہم کہتے ہیں تم اُترو تو تمہیں یہ عوام کہیں چھپنے کی جگہ نہیں دے گی تمہارے پتلے تک جلائے جائیں گے ،آپ ناکام حکمران ثابت ہوئے اور آپ کی حکومت میں ملک میں جس طرح مسائل اور بحرانوں نے جنم لیا ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ۔اُن کا کہنا تھا کہ انسان کو جان پیاری ہوتی ہے مگر ہمیں جمہوریت عزیز ہے ہم صرف نعرے نہیں لگاتے ثابت بھی کرکے دکھاتے ہیں ہم تختہ دار پر چڑھ گئے لیکن جمہوریت اور عوام کے حقوق پر سودے بازی نہیں کی تم نے تو ملک کی یہ حالت کردی ہے۔کسان کو کھاد تک دستیاب نہیں ہے تم نے زراعت سمیت ہر شعبے کو تباہ کردیاہے اس ملک کو اب صرف سیاستدان بچا سکتے ہیں عمران خان کو جمہوریت پسند نہیں ہے اب تو انہیں حکومت میں لانے والے تک پچھتا رہے ہیں عمران خان جو باتیں کنٹینر پر کرتے تھے آج بھی وہی بات کرتے ہیں جس سے لگتا ہے کہ وہ اب تک کنٹینر سے اُتر نہیں سکے ۔