لاڑکانہ،وائس چانسلر کامیڈیکل عمارت کی زبوں حالی کا نوٹس

501

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) وائس چانسلر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ پروفیسر ڈاکٹر انیلا عطا الرحمان نے سول اسپتال میں واقع میڈیکل یونٹ ٹو کا اچانک دورہ کیا اور عمارت کی زبوں حالی کا سختی سے نوٹس لیا، دورے کے دوران یونٹ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد شیخ نے بتایا کہ عمارت کی فوری مرمت کی ضرورت ہے، گزشتہ سال فروری میں غیر معیاری مرمت کی گئی اور ہم نے مختلف اوقات میں ایم ایس آفس کو اس حوالے سے لکھتے بھی رہے ہیں لیکن کوئی تدارک نہیں ہوا، گزشتہ سال 16 جون کو عمارت کی چھت کا پلستر گرنے کے نتیجے میں ایک مریض شدید زخمی بھی ہوا تھا، اس حوالے سے مختلف اوقات میں ایم ایس کو ایسی شکایتیں بھی کی گئیں لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلا، بار بار درخواستیں بھیجنے کے باوجود شکایات پر کوئی عملدرآمد نہیں ہوا اور حال ہی میں مردوں کے وارڈ کے بھی پلستر گرگئے جس میں مریض معجزانہ طور پر محفوظ رہے، اگر حالات ایسے رہے تو کسی بھی جانی نقصان کا خدشہ ہے۔ میڈیکل یونیورسٹی کے سربراہ نے اس حوالے سے بتایا کہ ہم وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیلا عطا الرحمان کے شکرگزار ہیں جنہوں نے عمارت کی زبوں حالی کا جائزہ لیا، اس موقع پر وائس چانسلر نے زبوں حالی کا نوٹس لیتے ہوئے موجودہ ایم ایس کو موقع پر ہدایات جاری کیں کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لے کر جلد سے جلد مرمت کروائی جائے تاکہ کسی بھی بڑے نقصان سے بچا جاسکے اور عمارت کا فوری طور پر جائزہ لے کر رپورٹ بھیجی جائے۔ دوسری جانب ایم ایس کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے محکمہ صحت کو لکھ چکے لیکن کوئی مثبت جواب نہیں ملا، دوسری جانب وائس چانسلر نے کہا کہ اسپتال مینجمنٹ بورڈ کے سربراہ کی حیثیت سے بھی ہم اس معاملے پر محکمہ صحت کا توجہ مرکوز کریں گے۔