بچوں سے مشقت کرانے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی،سونیا کلیم

268

نواب شاہ (نمائندہ جسارت)سندھ حکومت کی جانب سے جبری مشقت، انسانی اسمگلنگ کی روک تھام اور متاثرین کی مدد کے لیے قائم کی گئی ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کا پہلا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون شہید بینظیرآباد سونیا کلیم کی زیر صدارت ان کے دفتر میں منعقد ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سونیا کلیم نے کہا کہ بچوں سے جبری مشقت کرانا اور انسانی اسمگلنگ کرنا قانونی جرم ہے جس کی روک تھام کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے قوانین قائم کیے گئے ہیں جو بھی شخص ان قوانین کی خلاف ورزی کرے گااس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کمیٹی ممبران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ اجلاس تک اس حوالے سے اپنا پلان ترتیب دے کر ڈی سی آفس میں جمع کرایا جائے تاکہ قائم کردہ کمیٹی کے کام کو مزید بہتر بنایا جاسکے اور ضلع میں متاثرین کی مدد کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے ضلع سطح پر قائم کمیٹی کے ڈپٹی کمشنر چیئرمین ہوں گے۔