غیر قانونی بل بورڈ ز عدالتی احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہے‘شہزاد قریشی

352

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) رکن سندھ اسمبلی اور پی ٹی آئی کے رہنما شہزاد قریشی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے اعلیٰ عدالتوں کے احکام ہوا میں اْڑا کر شہر کی اہم شاہراہوں، گرین بیلٹس، فٹ پاتھ اور بلند عمارتوں پر دیوہیکل اشتہاری بورڈز لگا کر شہر کا نقشہ جنگل میں تبدیل کردیا ہے۔ یوں لگ رہا ہے کہ غیر قانونی ہورڈنگز کا کاروبار ایک بار پھر چمکنا شروع ہوگیا ہے۔ پورے شہر میں غیر قانونی بل بورڈز آویزاں ہیں جو سپریم کورٹ کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ یہ غیر قانونی بل بورڈز شہریوں کیلیے جان لیوا ہیں۔ گزشتہ روز کراچی میں چلنے والی تیز ہواؤں کے باعث متعدد مقامات پر اشتہاری بورڈ زمین پر آگرے جس سے متعدد شہری شدید زخمی ہوگئے، یہ انسانی جانوں کیلیے بڑا خطرہ ہیں۔ شہزاد قریشی کا مزید کہنا تھاکہ جابہ جا بل بورڈز لگانے سے بنیادی انسانی حقوق متاثر ہوتے ہیں اور راہ گیروں کیلیے خطرے کا باعث بنتے ہیں۔ شہر میں گاڑی چلاتے ہوئے کچھ نظر آئے نہ آئے بل بورڈز ضرور نظرآتے ہیں۔ تشویشناک بات یہ ہے کہ اِن کی تنصیب میں قواعد کا خیال بھی نہیں رکھا جاتا۔ ایسا لگتا ہے کہ جب تک اشتہاری بورڈ گرنے سے کوئی قیمتی جانی نقصان نہیں ہوگا اس وقت تک حکومت حرکت میں نہیں آئے گی۔