نااہل حکومت کیخلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا، پیپلز پارٹی

210

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی اور ڈویژنل کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ موجودہ نااہل حکومت اور اس کے اتحادیوں کے خلاف کسان مارچ سے شروع ہونے والا احتجاج کا سلسلہ 27 فروری تک جاری رہے گا ، بلاول کی قیادت میں 27 فروری کو اسلام آباد میں عوام دشمن حکومت کا چل چلاؤ ہو گا ، کھاد ، گیس کے بحران ، پیٹرولیم مصنوعات ، بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف 30 جنوری کراچی میں پریس کلب پر دھرنا ہو گا ، پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سعید غنی اور وقار مہدی کا کہنا ہے کہ کسان مارچ عوام دشمن حکومت کے خلاف ایک ٹریلر اور وارمپ شو ہے ، اصل فلم 27 فروری کو چلے گی ، جو نااہل حکومت کے خاتمے کا باعث ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت ملیر سلمان ٹاور سے نکلنے والے کسان مارچ کے اختتامی مقام شاہراہ قائدین پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری ، آصف خان ، ضلع ملیر کے صدر سلمان عبداللہ مراد ، اقبال ساند، مسرور احسن ، عروبہ راشد ، یوسف بلوچ ، خلیل ہوت ، لالہ رحیم ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ کسان مارچ میں پیپلز پارٹی شعبہ خواتین ہاری کمیٹی، پیپلز یوتھ اور دیگر مختلف ذیلی تنظیموں کے عہدیداروں ، پارٹی ورکرز ، محنت کشوں اور جیالوں نے کسانوں اور ہاریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مارچ میں شرکت کی۔ وزیر اطلاعات و محنت سندھ پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نااہل حکومت کی کرپشن کی وجہ سے کھاد کا بحران پیدا ہوا ، کراچی میں کسانوں کا احتجاج حکومت کی زرعی پالیسی پر عدم اعتماد ہے۔