پڑوسیوں کی لڑائی،ڈی آئی جی عبداللہ شیخ نے شہری کی پٹائی کردی

216

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈی آئی جی عبداللہ شیخ نے کلفٹن میں پڑوسیوں کے درمیان ہونے والے جھگڑے میںایک شہری کی پٹائی کردی، متاثرہ شہری نے الزام لگایا ہے کہ خود کو ڈی آئی جی کہنے والاشخص گھر سے 2کروڑ کے زیورات اور قیمتی گھڑیاں لے گیا ،ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ،ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل کو واقعہ کا انکوائری افسر مقرر کردیا ،پولیس کے مطابق جھگڑا شہری ہیرا نند اور اس کے پڑوسی کے درمیان ہوا تھا۔ ہیرا نند کے فلیٹ کی کھڑکی کے سامنے پڑوسی نے دیوار کھڑی کر دی ہے۔پڑوسیوں کے درمیان جھگڑا ہو رہا تھا کہ سادہ لباس میں ملبوس ڈی آئی جی عبداللہ شیخ جو کسی سے ملنے اپارٹمنٹ میں آئے تھے، انہوں نے بیچ بچاؤ کرایا جس پر شہری نے عبداللہ شیخ پر ہاتھ اٹھایا۔ پولیس کے آنے پر عبداللہ شیخ نے بھی شہری سے ہاتھا پائی کی۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ دوسری جانب شہری ہیرانند کی جانب سے ڈی آئی جی کے خلاف درخواست دی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ خود کو ڈی آئی جی ظاہر کرنے والے شخص نے ان سے اوران کی ہمشیرہ سے لڑائی کی اور گھر میں لوٹ مار بھی کی ہے، شہری نے درخواست میں کہا ہے کہ پولیس افسر ان دو کروڑ کے زیورات اور 50 لاکھ مالیت کی گھڑیاں بھی لے گئے ہیں۔