گلشن مارکیٹ کورنگی میں سیوریج کا پانی جمع، دکاندار پریشان

214

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کی اہم اسکریپ مارکیٹ گلشن مارکیٹ کورنگی میں گزشتہ کئی ماہ سے سیوریج سسٹم مکمل طور پر تباہ وبرباد ہوگیا ہے اور مارکیٹ کے چاروں اطراف سیوریج کا گندا پانی جمع ہے اور مارکیٹ کے دکان داروں کے علاوہ خریدوفروخت کیلیے آنے والے افراد بھی شدید پریشانی ومشکلات کا شکار ہیں۔جماعت اسلامی لانڈھی غربی کے رہنما شاہد انصاری نے کہا کہ مکہ مسجد کے مین گیٹ پر سیوریج کا پانی جمع ہو رہا ہے جس کی وجہ سے نمازی حضرات بڑی پریشانی کا شکار ہیں۔انجمن تاجران اسکریپ گلشن مارکیٹ کورنگی کے صدر محمد اکرم نے کہا کہ واٹر بورڈ انتظامیہ کو مستقل شکایات درج کرائی جا رہی ہیں لیکن سیوریج سسٹم درست نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے اپنی مدد آپ کے تحت صفائی کی جا رہی ہے۔پبلک ایڈ کمیٹی ضلع کورنگی کے صدر محمد شفیق نے کہا کہ سیوریج سسٹم فوری طور پر درست کیا جائے ورنہ جماعت اسلامی واٹر بورڈ کے دفاتر پر احتجاجی مظاہرے کرے گی۔