وزیراعظم کا غربت میں کمی کا دعویٰ جھوٹا ہے، اسماعیل راہو

200

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے غربت میں کمی اور کاشتکاروں کی آمدنی میں اضافے کے وزیراعظم کے دعوے کو جھوٹ کا پلندا قرار دے دیا۔ صوبائی وزیرماحولیات اسماعیل راہو کا اپنے ردعمل میں کہنا تھا کہ کسانوں کو یوریا کھاد مل نہیں رہی اورنہ ہی نالائق حکومت نے کوئی ریلیف دیا ہے، آمدنی میں اضافے والے دعوے کو رد کرتے ہیں،ملک میں کاشتکاروں کی آمدنی میں اضافہ نہیں بلکہ وہ قرضوں میں ڈوب چکے ہیں۔ وزیر ماحولیات کا کہنا تھا کہ عوام پر مہنگائی اور بیروزگاری کے بم گراکرخودکشیوں پر مجبور کرنے والے سلیکٹڈ کہتے ہیں کہ غربت میں کمی ہوئی ہے۔عمران خان کی عوام سے ٹیلیفون پر گفتگو کم اور لفاظی زیادہ ہوتی ہے، خان صاحب کسانوں کی آمدنی میں اگر اضافہ ہوتا تو وہ آج سڑکوں پرنہ ہوتے،کسان مارچ بنی گالاکابھی رخ کرسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ریموٹ کنٹرول وزرا کہتے ہیں کھاد کی قلت نہیں بلکہ مانگ میں اضافہ ہوا ہے،حقیقت یہ ہے کہ دسمبر 2020ء کے نسبت اس دسمبر میں ملک میں 32 فیصد کھاد کم فروخت ہوئی ہے، یہ کیوں نہیں بتاتے کہ کس اے ٹی ایم مشین نے ایک لاکھ ٹن ڈی اے پی اور چار لاکھ ٹن یوریا افغانستان اسمگل کر کے قوم کو اربوں روپے کا ٹیکا لگایا۔ اسماعیل راہو نے کہا کہ کھاد کی کمی اور مہنگائی سے ملکی زراعت کو کھربوں روپے کا نقصان ہوچکاہے،خان صاحب آپ کے جانے کا وقت قریب آچکا،قوم آپ کو معاف نہیں کرے گی۔