وسیم اکرم، وہاب ریاض اور حیدر علی کرونا کا شکار ہوگئے

409

کراچی: ایچ بی ایل پی ایس ایل کی فرنچائز کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم اور پشاور زلمی کے دو کھلاڑی وہاب ریاض اور حیدر علی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کی ٹیم کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم کورونا میں مبتلا ہوگئے، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر وسیم اکرم نے خود کو آئسولیٹ کرلیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق دو روز قبل اومان سے واپسی پر وسیم اکرم کی طبیعت ناساز تھی اور گلے میں بھی تکلیف تھی ، جس پر انہوں نے کورونا ٹیسٹ کرایا، جو مثبت آیا۔

دوسری جانب پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض بھی مبینہ طور پر کورونا کا شکار ہوگئے جب کہ نوجوان بیٹسمین حیدر علی کا بھی ٹیسٹ مثبت آنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

اس سے قبل پشاور زلمی کے 2 کھلاڑیوں ارشد اقبال اور کامران اکمل کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آچکا ہے۔