فیس بک، گوگل، ایمازون کی لیے بڑی مشکل، یورپی پارلیمنٹ نے نیا قانون منظور کرلیا

1898

برسلز: یورپی پارلیمنٹ کی اکثریت نے امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے اشتہارات کے لیے صارفین کی ٹریکنگ کے خلاف قانون کے حق میں ووٹ دے دیے ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق یورپی پارلیمنٹ نے ڈیجیٹل سروسز ایکٹ ( ڈی ایس اے) اکثریت سے منظور کرلیا ہے، ڈی ایس اے قانون کے حق میں 530 اور مخالفت میں 78 ووٹ پڑے، جبکہ 80 ارکان نے رائے شماری سے اجتناب کیا۔

خیال رہے کہ دنیا بھر کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں اشتہارات کیلئے صارفین کی ٹریکنگ کرتی ہیں، اس قانون کی منظوری سے فیس بک، ایمیزون اور گوگل جیسے بڑے ٹیکنالوجی جائنٹس کے لیے مشکلات میں اضافہ ہوجائے گا۔

ڈیجیٹل سروسز ایکٹ کے نام سے بننے والے اس قانون کے تحت آن لائن خدمات فراہم کرنے والے پلیٹ فارمز کی جانب سے صارفین خصوصاً کم عمر بچوں کی ٹریکنگ محدود کردی جائے گی۔

اس حوالے سے یورپی پارلیمنٹ کے رکن کرسٹیل شیلڈیموز کا کہنا ہے کہ گزشتہ 20 سالوں میں ای کامرس کے میدان میں بہت تبدیلیاں ہوگئی ہیں، یہ آن لائن پلیٹ فارمز ہمارے لیے نئے مواقعوں کے ساتھ روزمرہ کی زندگی کا اہم حصہ بھی بن گئے ہیں لیکن ان سے خطرات بھی لاحق ہیں۔