سندھ حکومت متاثرہ تاجروں کی معاونت کو یقینی بنانے کے اقدامات کررہی ہے،سید ناصر حسین شاہ

638

  وزیر بلدیات،دیہی ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کوآپریٹیو مارکیٹ صدر کراچی اور وکٹوریہ مارکیٹ صدر میں جل جانے والی دکانوں کے مالکان کی مدد کرنے کے لئے پرعزم ہے اور مارکیٹ کمیٹی کے تاجروں کے نمائندوں کے لگائے گئے تخمینے کے مطابق فنڈ کی بروقت کی فراہمی کے لئے کوششیں جاری ہیں اور سندھ حکومت بہت جلد یہ مسئلہ حل کرے گی تاکہ تاجر عید سیزن کا کاروبار کرسکیں۔  ہفتے کو  کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (کے سی سی آئی) میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری صدر کی مارکیٹوں میں لگنے والی آگ سے متاثرہ تاجروں کے کاروبار کی بحالی کے لئے فکرمند ہیں اور ان کی واضح ہدایات ہیں کہ متاثرہ تاجروں کو جلد از جلد مالی معاونت فراہمی کے اقدامات کو مکمل کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی اس معاملے کو جلد حل کرنے کے لئے کوشاں ہیں اور سندھ حکومت کے وزراء سعید غنی، جام اکرام اللہ دھاریجو، ایڈ منسٹریٹر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی اور سندھ کابینہ کے دیگر وزراء ان مارکیٹوں کے متاثرین کی مدد کے لئے مستقل رابطے میں ہیں اور بہت جلد متاثرہ تاجروں کو خوشخبری ملے گی۔اس موقع پر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے سابق صدر زبیر موتی والا، کے سی سی آئی کے دیگر عہدیداران کے ساتھ صدر کوآپریٹیو مارکیٹ کے صدر محمد فیروز اور دیگر عہدیدار اور وکٹوریہ مارکیٹ صدر کے تاجروں کے نمائندوں نے اپنے مسائل پیش کئے۔ اور بتایا کہ ڈھائی ماہ قبل کوآپریٹیو مارکیٹ صدر میں لگنے والی آگ میں تقریباً 500 دکانیں جل کر خاک ہوگئیں اور تاجر سڑک پر آگئے۔ جبکہ وکٹوریہ مارکیٹ صدر میں لگنے والی آگ میں پانچویں منزل کی تمام دکانیں جل گئیں۔ ان دونوں مارکیٹوں کے تاجر اب سندھ حکومت سے کاروبار دوبارہ شروع کرنے اور دکانوں کی تعمیر و مرمت کے لئے مدد کے خواہاں ہیں۔