وزیراعلی خیبرپختونخوا کا نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبوں کی رفتار پر اظہار عدم اطمینان

246

وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے نیا پاکستان ہائوسنگ اسکیم کے منصوبوں پر ٹھوس پیشرفت کیلئے ایک ماہ کی ڈیڈ لائن دے دی۔ وزیراعلی محمود خان کی زیرصدارت نیا پاکستان ہائوسنگ اسکیم سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں اسکیم کے تحت صوبے میں ہاوسنگ کے مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی نے منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ محمود خان نے منصوبوں پر ٹھوس پیشرفت کے لئے ایک ماہ کی ڈیڈ لائن دے دی۔ محمود خان کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں کے لئے زمینوں کے مسائل جلد سے جلد حل کئے جائیں، نیا پاکستان ہائوسنگ اسکیم حکومت کا فلیگ شپ اسکیم ہے، اسکیم کے تحت منصوبوں پر عملدرآمد میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں، عوامی فلاح و بہبود کے ان منصوبوں پر صرف کاغذوں میں نہیں گراونڈ پر پیشرفت چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صوبے میں پیری اربن ہاوسنگ اسکیموں پر عملی پیشرفت اور ان کے سنگ بنیاد کے لئے ٹائم لائینز مقرر کئے جائیں۔