نوجوان ہاتھوںمیں ڈگریاں لے کر بے روزگار گھوم رہے ہیں،شاہی سید

213

کراچی (نمائندہ جسارت) عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید نے اے این پی ضلع کیماڑی کی جانب سے مشرف کالونی ہاکس بے میں منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس شہر کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اس شہر کی تمام مظلوم قومیتوں کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔جب تک ہم متحد نہیں ہوںگے، ہم اس شہر کے مسائل کو حل نہیں کرسکتے ہیں۔ ڈومیسائل اور پی آ ر سی میں پختونوں کے ساتھ امتیازی سلوک بند کیا جائے۔اس شہر کے سرکاری اداروں میں نوکریوں پر اس شہر کے جوانوں کا حق ہے۔کراچی کے نوجوان آج ڈگریاں ہاتھوں میں لے کر بے روزگار گھوم رہے ہیں۔ ہم اس شہر کے جوانوں کے لیے نوکریوں کا مطالبہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی شہر میں صحت اور تعلیم کے مسائل میں دن پر دن اضافہ ہورہا ہے۔پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے پورے سندھ کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کراچی شہر کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کرے۔ کراچی کے شہریوں کی محرومیوں میں دن پردن اضافہ ہورہا ہے جو ایک خطرناک بات ہے۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی سندھ کے جنرل سیکرٹری یونس خان بونیری نے کہا کہ اے این پی کا ورکر ہی ہمارا اصل سرمایہ ہے۔ ہم نے ہمیشہ اس شہر میں مظلوموں کے مسائل کو اسٹریٹ پاور سے حل کیا ہے۔ اے این پی اس شہر کے مسائل کو اپنی تنظیمی قوت سے ہی حل کرے گی۔