میرپورخاص، عدالتی احکامات نظر انداز، تجاوزات کیخلاف آپریشن روک دیا

274

 

میرپورخاص(نمائندہ جسارت)ضلعی انتظامیہ نے ملک کی اعلیٰ عدلیہ کے حکم کو ہوا میں اڑا دیا تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کو روک دیا گیا، قائم تجاوزات کے باعث سڑکوں پر ٹریفک شدید جام رہنے لگا خصوصاً اسکولوں کی چھٹی کے اوقات میں گھنٹوں ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک کی اعلیٰ عدلیہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے ملک بھر سے پہلے مرحلے میں تجارتی علاقوں سے اور دوسرے مرحلے میں رہائشی علاقوں سے تجاوزات کو فوری طور پر ہٹانے کا حکم دیا تھا جس کے بعد تقریباً ایک ماہ قبل اسسٹنٹ کمشنر میرپورخاص اور اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ حسین بخش مری نے پہلے روز غریب اور کم آمدنی والے علاقوں میں غریبوں کی تجاوزات کو بنا کوئی نوٹس جاری کیے ان کے سامان سمیت مسمار کر دیا اور اس کے اگلے روز جب متعلقہ افسران اپنے عملے کے ساتھ شہر کے پوش تجارتی علاقوں میں تجاوزات کو ہٹانے پہنچے تو نام نہاد تاجر رہنما اور بااثر سیاسی اثر ورسوخ رکھنے والی شخصیات کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا جبکہ متعلقہ افسران کے فون نمبر بھی بج اٹھے جس کے بعد افسران تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کو ایک تنکا ہٹائے بغیر واپس لوٹ گئے اس وقت سے لے کر ضلعی انتظامیہ نے سپریم کورٹ کے حکم کو پس پشت ڈال رکھا ہے جس کی وجہ سے شہر میں قائم تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا ہے خصوصاً اسکولوں کی چھٹیوں کے اوقات میں ٹریفک گھنٹوں جام رہتا ہے جس کے باعث شہریوں کو اذیت ناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن نہ کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کو متنازعہ بنائے، غریب اور پوش علاقوں کا فرق کیے بغیر فوری طور پر شروع کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں تاکہ شہریوں کو ٹریفک جام رہنے سے چھٹکارہ حاصل ہو سکے جبکہ دوسرے مرحلے میں رہائشی علاقوں سے تجاوزات کا خاتمہ کر کے گلیوں کو چوڑا کیا جائے۔