مٹھی بھرا شرافیہ نے عوام کو یر غمال بنایا ہوا ہے ، جاوید قصوری

208

 

لاہور (وقائع نگار خصوصی )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی پوری ٹیم مسلسل قوم کے ساتھ جھوٹ بولتے رہے ہیں۔ نواز شریف کو باہر بھجوانے کا فیصلہ وزیر اعظم نے خود کیا تھا،اس حوالے سے وفاقی کابینہ کے وزیر اور عمران خان کے قریبی دوست اسد عمر نے ہی ان کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب کس منہ سے وزرا اور حکومتی ترجمان میڈیا پر آکر یہ دعوے کررہے ہیں کہ وہ نواز شریف کو واپس لائیں گے۔ حکومت اور نواز شریف کے درمیان ہونے والی ڈیل کو منظر عام پر لایا جائے۔ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف ایک ہی تھیلی کے چٹے بٹے ہیں،ان لوگوں سے خیر کی توقع نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ان تینوں سیاسی جماعتوں کے نزدیک عوامی مسائل کی کوئی اہمیت نہیں، جو بھی اقتدار میں آیا اس نے لوٹ مار کی اور رفو چکر ہوگیا۔ 74برسوں سے حکمرانوں نے قومی دولت کو لوٹنے اور عوام جذبات کو مجرو ح کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔مٹھی بھر اشرافیہ نے 98فیصد عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں، ادارے تباہ ہوچکے ہیں۔ ہر شخص سراپا احتجا ج ہے۔ کاشتکاروں، مزدوروں سے لے کر ڈاکٹر اور ہر شعبہ ہائے زندگی کے افراد تک سڑکوں پر نظر آتے ہیں۔ یہ کیسی تبدیلی حکومت آئی جس نے عوام سے خوشیاں بھی چھین لی ہیں۔ جب تک یہ لوگ بر سر اقتدار رہیں گے اس وقت تک ملک وقوم ترقی و خوشحالی کی منازل طے نہیں کرسکتے، اب وقت آگیا ہے کہ ان سے چھٹکارا حاصل کیا جائے۔