مہنگائی نے عوام کی قوت خرید ختم کردی ہے ،ہارون میمن

210

 

سکھر(نمائندہ جسارت) آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے بانی و قائد حاجی محمد ہارون میمن نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرکے بڑھتی ہوئی مہنگائی کو روکا جاسکتا ہے عالمی مالیاتی ادارے کی ایما پر پیٹرول بجلی گیس اور دیگر ضروریات زندگی کی اشیا کی قیمتیں بڑھنا عوام کے ساتھ ظلم و نا انصافی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں تاجروں اور شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہوشربا مہنگائی کے باعث غریب اور متوسط طبقہ بلکہ مراعات یافتہ طبقہ بھی پریشان ہوچکا ہے مہنگائی کی وجہ سے عوام کی قوت خرید ختم ہوتی جارہی ہے مہنگائی کی وجہ سے لوگ مایوس اور ناامید ہوکر خودکشیوں کی طرف مائل ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت آئے روز بڑھانے سے سفری ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اضافہ کردیا جاتا ہے جس کے باعث شہر اور بیرون شہر مال کی ترسیل کے اخراجات بڑھنے سے ہرچیز کی قیمت بڑھ جاتی ہے جس کا سارا اثر عوام کی جیب پر پڑتا ہے اور ماہانہ اخراجات بڑھ جانے سے لوگوں کو معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرول کی بڑھائی گئی قیمت فوری واپس لی جائے اور آئندہ پیٹرول کی قیمت میں کوئی اضافہ نہ کیا جائے تاکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کو روکا جاسکے۔