ڈہرکی،موٹروے پولیس نے ٹرالر کو چھیننے سے بچالیا

166

گھوٹکی/ڈہرکی(نمائندہ جسارت)موٹروے پولیس کی دوران گشت ڈہرکی کے قریب بروقت کارروائی 2 کروڑ سے زائد مالیت کی کپاس سے بھرے ہوئے ٹرالر کو چھیننے سے بچا لیا،حملہ آور ملزمان فرار ہونے میں کامیاب۔تفصیلات کے مطابق ڈہرکی کے قریب کپاس کی گانٹھوں سے بھرے ہوئے کراچی سے گدون جانے والے مال بردار ٹریلر کو ڈہرکی کے قریب قومی شاہراہ پر نامعلوم مسلحہ افراد نے گن پوائنٹ پر روکا مسلح افراد نے ڈرائیور کو زدوکوب کیااور کپاس سے بھرے ہوئے ٹرالر کو چھیننے کی کوشش کی۔اسی دوران موٹر وے پولیس کے اینٹی کرائم اسکواڈ کے آفیسر سب انسپکٹر دھنیش کمار اور سپاہی عبدالصمد نے معمول کی پیٹرولنگ ڈیوٹی پر ایک ڈرائیور کو مدد کے لیے پکارتے ہوئے دیکھاجس کی اطلاع بروقت بیٹ کنٹرول پر بھی دی گئی۔موٹر وے پولیس کے افسران نے حکمت عملی سے مسلح افراد کو روکنے کی کوشش کی اس دوران ڈاکوؤں نے ہوائی فائرنگ شروع کردی جس کے جواب میں اینٹی کرائم اسکواڈ نے بھی جوابی فائرنگ کی ، جواب میں موٹروے پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ کے نتیجے میں اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈاکو موقع سے فرار ہو گئے۔اسی دوران موٹروے پولیس ڈہرکی کے ڈی ایس پی عمران عطاری بھی موقع پر پہنچ گئے تاہم موٹروے پولیس نے مزید قانونی کارروائی کے لیے ٹرالر اور اس کے ڈرائیور کو پولیس اسٹیشن اوباڑو کے حوالے کیا۔ ٹرالر کے مالکان اور ڈرائیور کی جانب سے موٹروے پولیس کی جانب سے بروقت کارروائی کو انتہائی سراہا گیا۔اس موقعے پر ڈی آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس سائوتھ زون نے اپنے پیغام میں کہا کہ موٹر وے پولیس کے افسران کی بروقت مداخلت نے ٹرالر پر لدے ہوئے کروڑوں مالیت کی کپاس کی ڈکیتی کی کوشش کو ناکام بنا دیا موٹروے پولیس کی جانب سے اس عزم کو پھر دہرایا گیا کہ ہماری قومی شاہراہیں محفوظ ہیں اور موٹروے پولیس ہر وقت عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے قومی شاہراہوں پر موجود ہیں۔ افسران بالا کی جانب سے کارروائی میں شامل افسران کی کوششوں کو سراہا گیا اور افسران کو نقدی اور تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا جائے گا۔