پرائیوٹ سیکٹر کو کھیلوں پر توجہ دینی چاہیے،اکرم ساہی

189

اسلام آباد(جسارت نیوز)پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجرجنرل ریٹائرڈ محمد اکرم ساہی نے کہا ہے کہ ملک میں حکومتی اور اسپانسر کی سرپرستی کے بغیر کھیلوں کی ترقی نہ ممکن ہے۔ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کو کرکٹ کی طرح دوسرے کھیلوں پر بھی توجہ دینی چاہئے تاکہ ملک میں دوسرے کھیلوں کو بھی فروغ حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ روواں سال پاکستان نے 3 بڑے بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت کرنی ہے جن میں ایشین گیمز، کامن ویلتھ گیمز اور عالمی شامل ہے اور پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن نے ایونٹس کی تیاری کے سلسلے میں 2 اتھلیٹس اولیمپیئن ارشد ندیم اور یاسر علی کو جدید اور اعلی تربیت دلانے کے لئے سائوتھ افریقا بھی بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اور یہ دونوں کھلاڑی ایشین گیمز، کامن ویلتھ گیمز اور عالمی چمپئن شپ کی تیاری تک سائوتھ افریقا میں تربیت جاری رکھیں گے۔ اور ان کی تربیت کے تمام اخراجات پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن خود برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن ارشد ندیم کو چین، ایران اور ترکی بھی تربیت کے لئیبھیج چکی ہے اور وہ کورونا کے باعث قازقستان نہ جا سکے۔