محمد رضوان نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹر کا ایوارڈ جیت لیا

270

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اسٹار پاکستانی وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر 2021کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا، انہیں سال 2021کے دوران نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں اس ایوارڈ سے نوازا گیا ہے،جبکہ اومان کے کپتان ذیشان مقصود آئی سی سی مینز ایسوسی ایٹ کرکٹر آف دی ایئر قرار پائے۔ اتوار کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سال 2021میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مردکھلاڑیوں کیلیے ایوارڈز کا اعلان کر دیا گیا، مینز ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ پاکستانی بیٹر محمد رضوان کے نام رہا جنہوں نے سال 2021میں 29 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 73.66 کی اوسط سے 1326 رنز بنائے جبکہ انہوں نے وکٹوں کے پیچھے 22 شکارز بھی کیے، اس کے علاوہ محمد رضوان گزشتہ سال کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں میں تیسرے نمبر پر رہے تھے، انہوں نے 6 میچز میں 281 رنز بنائے تھے، اس کے ساتھ ساتھ رضوان نے کیلنڈر ایئر کے دوران ہزار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور مجموعی طور پر ٹی ٹوئنٹی میچز میں 2 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے والے دنیا کے پہلے بیٹر ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔ محمد رضوان نے اپنے بیان میں کہا کہ تمام ساتھی کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کا مشکور ہوں جنہوں نے بھرپور طریقے سے میری رہنمائی کی اور میں ٹیم کی فتوحات میں کردار ادا کر سکا، کرکٹ ٹیم گیم ہے اسلئے میں یہ ایوارڈ ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں کے نام کرتا ہوں۔