پاکستان :کورونا سے 20 اموات۔کراچی کے 4 ٹاؤن میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ،اسلام آباد میں مزید 10 تعلیمی ادارے سیل

338

اسلام آباد/ کراچی / لاہور (خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک / اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں کورونا سے مزید 20 اموات ہوئیں۔کراچی کے 4 ٹائونز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا‘ اسلام آباد میں مزید 10 تعلیمی ادارے سیل کردیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے 7586 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے مزید 20 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 29097 ہوگئی‘ فعال کیسز کی تعداد70263 تک پہنچ گئے‘ کیسز کے مثبت آنے کی شرح13فیصد تک پہنچ گئی ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی) کے مطابق اب تک ملک بھر میں کورونا وائرس ویکسین کی17 کروڑ7 لاکھ 11 ہزار 868 خوراکیں لگائی جاچکی ہیں جبکہ گزشتہ 24گھنٹے کے دوران7لاکھ 86 ہزار27 کورونا وائرس ویکسین کی خوراکیں لگائی گئیں۔ پاکستان اب تک کورونا وائرس کے کل رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 13لاکھ67 ہزار605 تک پہنچ گئی۔ اس وقت ملک میں تشویشناک حالت میں موجود مریضوں کی تعداد 1083 تک پہنچ گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کورونا وائرس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران3 متاثر مریض انتقال کرگئے‘ 3108 نئے کیسز رپورٹ ہوئے‘ صوبے بھر کے3108 نئے کیسز میں سے 2480 کا تعلق شہر کراچی سے ہے۔ کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 41 اعشاریہ 32 تک پہنچ گئی‘ ضلع وسطی کے 4 ٹاؤنز گلبرگ، نارتھ کراچی، لیاقت آباد اور نارتھ ناظم آباد کے مختلف علاقوں اور رہائشی یونٹس میں 5 فروری تک اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔ لاہور میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 14 اعشاریہ 4 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ علاوہ ازیں ضلع اپرکوہستان میں جاری داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے 5 چائنیز انجینئر اور 16 کنسلٹنٹس سمیت عملے کے 24 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ پاور پروجیکٹ کے ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ متاثرہ افراد کو ان کی رہائش گاہوں میں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے سبب مزید 10تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ڈاکٹر زعیم ضیا نے ڈپٹی کمشنر کے نام مراسلہ ارسال کر کے مذکورہ اسکولوں اور کالج کی تفصیلات سے مطلع کر دیا ہے۔مراسلے کے مطابق اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز چک شہزاد، ماڈل اسکول فارگرلز، ماڈل اسکول جی سکس فور، ماڈل اسکول فار بوائز بہارہ کہو، ماڈل اسکول فار گرلز آئی ایٹ ون، ماڈل اسکول فار گرلز جی الیون ون، ماڈل اسکول فار گرلز جی ایٹ ٹو، ماڈل اسکول فار گرلز جی سکس ون تھری، ماڈل اسکول فار گرلز دانہ پنڈ بیگوال اور اسلام آباد ماڈل اسکول فار بوائز چھتر کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔