سرکاری ملازمین کے دھرنے میں شرکت کریں گے

169

نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ 10 فروری کو اسلام آباد میں سرکاری ملازمین کے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں گے۔ انہوں نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی تمام تنظیموں اور ملحقہ یونینز کو ہدایت کی ہے کہ 10 فروری کو اسلام آباد پہنچیں۔ شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ نیشنل لیبر فیڈریشن تمام مزدوروں، کسانوں، ملازمین کے مسائل کا حل چاہتی ہے۔ حکمران ان مطالبات پر کان دھریں اور مطالبات کو تسلیم کرنے کا اعلان کرکے ان پر عل درآمد کا شیڈول دیں۔ سرکاری ملازمین میں پھیلی تشویش کو دور کیا جائے۔ نیشنل لیبر فیڈریشن مزدوروں کو مہنگائی کی نسبت سے زندہ رہنے کے لیے معاوضہ جات میں اضافہ، لیبر قوانین پر عملدرآمد اور مکمل سوشل سیکورٹی، مستقل ملازمتوں کے تحفظ، ٹھیکیداری نظام کے خاتمے تک میدان عمل میں ہر جدوجہد کے ساتھ ہے۔ NLF مزدوروں، ملازمین، کسانوں، پسے ہوئے طبقے کو 74 سال سے مسلط، سرمایہ داری، جاگیرداری نظام کو اُکھاڑ پھینکنے اور اسلامی انقلاب کے لیے متحد ہو کر جدوجہد کی دعوت دیتی ہے۔ جب تک ظلم کے اس نظام کے خاتمے اور اسلام کے نظام رحمت نظام مصطفی کو نافذ کرنے کی جدوجہد نہ کی جائے گی، مزدوروں، کسانوں، پسے ہوئے طبقات اور ملازمین کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ اپنے پیارے وطن کے مستقبل اور اپنی آئندہ نسلوں کے تحفظ کے لیے 74 سال سے مسلط مافیا کو مسترد کرنا اور دیانتدار قیادت کے ساتھ چلنا ہی مسائل کا حل ہے۔