عمرا ن نیازی ڈوبتی کشتی بچا رہے ہیں،عاجز دھامراہ

358

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر عاجز دھامراہ، ضلع شرقی کے سیکرٹری اطلاعات وقاص شوکت اور ضلع سینٹرل کے سیکرٹری اطلاعات شہزاد مجید نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم عمران نیازی اپنی ڈوبتی کشتی کو بچانے کیلیے ہاتھ پاؤں مارنا شروع ہوگئے ہیں اور آئے روز ٹی وی پر بیٹھ کر اپنی 3سال کی بدترین کارکردگی پر پردے ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی جان چکے ہیں کہ وہ صرف ایک کمرے تک کے وزیراعظم ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی یہ ڈرامائی حکومت کا ڈراما اب فلاپ ہوچکا ہے کیونکہ عمران نیازی جس طرح ٹی وی پر آکر پاکستان کے غریب اور متوسط طبقے کے عوام کو باتوں سے پھسلانے کی کوشش کررہے ہیں وہ بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ پی پی پی رہنماؤں نے کہا کہ عمران نیازی ٹی وی پر آکر پاکستان کے وزیراعظم کم کسی پرائیویٹ کمپنی کے مارکیٹنگ منیجر زیادہ لگتے ہیں جنہیں ملک اور عوام سے زیادہ اپنے کاروبار اور فائدے کی فکر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین سال سے چور چور اور اپوزیشن کے نعرے مارنے والوں سے جب قوم تبدیلی اور ترقی کی بات کرتی ہے تو ان کا اشارہ صرف ماضی کی حکومتوں کی طرف ہوتا ہے جبکہ تین سال میں جو ملک میں مہنگائی، بیروزگاری کا طوفان برپا ہوا اس پر چپ سادھ لیتے ہیں اور اپنی کارکردگی اورپی ٹی آئی حکومت کی میگا کرپشن پر آواز تک نہیں نکالتے ہیں۔