شیرشاہ سمیت تمام نالوں کی صفائی نہ کی تو دھرنا دیں گے،عالمگیرخان

245

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان نے اعلان کیا ہے کہ اگر حکومت سندھ نے ایک ہفتہ میں شیر شاہ سمیت شہر کے تمام برساتی نالوں کی صفائی اور دیگر مطالبات کو تسلیم نہیں کیا تو وزیراعلی ہائوس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔وہ اتوار کووزیراعلیٰ ہاؤس پر سانحہ شیر شاہ میں حکومتی غفلت کے خلاف احتجاج کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔عالمگیر خان نے کہا کہ شہری ہونے کے ناطے وزیر اعلیٰ ہاؤس آیا ہوں۔ پانچ سال سے چلا رہا تھا کہ گٹر کے ڈھکن لگاؤ۔نالوں کی صفائی کرو۔میں خود نالوں کی صفائی نہ ہونے اور شیر شاہ سانحہ سے ایک بڑے صدمہ کا شکار ہوا ہوں۔ سیاست کرنے یہاں نہیں آیا ہوں۔ سیاست کرنی ہوتی تو فکس اٹ اور پی ٹی آئی کو ساتھ لاتا۔مطالبات لایا ہوں۔سترہ خاندان مزید متاثرین ہیں۔شہر میں نالوں میں دھماکوں کا سلسلہ کئی سالوں سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ نالوں سے یوٹیلٹی لائنوں کو ختم کی جائے۔کراچی کے نصف سے زائد شہر ایک بم پر رہ رہے ہیں۔یہ بم کسی بھی وقت ٹائم بم کی طرح پھٹ سکتا ہے۔صنعتی علاقوں کی فیکٹریوں میں ٹریٹمنٹ پلانٹس کو یقین بنایا جائے۔