ویتنام سے دوطرفہ تجارت بڑھانے کی ضرورت ہے ، حنیف لاکھانی

410
نائب صدر ایف پی سی سی آئی حنیف لاکھانی ویتنام کے سفیر کو فیڈریشن کی یادگاری شیلڈ پیش کر رہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایف پی سی سی آئی کے نائب صدرحنیف لاکھانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ویتنام کے مابین دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے کئی شعبوں میں غیر معمولی صلاحیت موجود ہے اور اس کے نتیجے میں تجارت میں تیزی سے اضافہ ہو سکتا ہے، انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ویتنام کو پاکستان میں ا سمارٹ فون اور کمپیوٹر چپس، پرزہ جات اوردیگر منسلک آلات میں سرمایہ کاری کرنے پر غور کرنا چاہیے کیونکہ ویتنام اس شعبے میں بڑے پیمانے پر پیداوار کرنے والے سب سے زیادہ ترقی یافتہ ممالک میں سے ایک ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہارپاکستان میں ویتنام کے سفیر پھونگ ٹائن نگیوین (Nguyen Tien Phong)کے فیڈریشن ہا ئوس کے دورے میںخیر مقدمی خطاب میں کیا۔اس موقع پرسلیمان چائولہ،شوکت عمر سن، زکریا عثمان، امجد رفیع، ثاقب فیاض مگوں اور دیگر بھی موجودتھے۔پاکستان میںویتنام کے سفیر پھونگ ٹائن نگیوین نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کو یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ چاول اور ٹیکسٹائل کے بڑے پروڈیوسر اور حریف ہونے کی وجہ سے ہم تعاون نہیں کر سکتے،درحقیقت ہم با ہمی تعاون کے ذریعے ان شعبہ جا ت میں ایک دوسرے کے لیے معاون معیشتیں بن کر مزید فوائد حاصل کر سکتے ہیں،وہ گزشتہ روز ایف پی سی سی آئی کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کررہے تھے،ویتنامی سفیر نے اپنی گہری اور پرجوش خواہش کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان اور ویتنام کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدے پر تیزی کے ساتھ کام کرتے ہو ئے دستخط کیے جائیں اور پھر تجارتی حجم کو بڑھانے کے لیے اسے مؤثر طریقے سے نافذ بھی کیا جائے،ان کا کہنا تھا کہ وہ یقینی طور پر ویزہ نظام سے متعلق پاکستانی کا روباری برادری کے خدشات اور تجاویز ویتنام میں اپنی وزارت کے ہیڈ آفس کو ضرور پہنچائیں گے اور وہ پاکستانی تاجروں کے لیے کاروباری ویزوں کی مدت کو چھ ماہ سے بڑھا کر ایک سال بھی کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تجارتی حجم 600 ملین ڈالر سالانہ کافی نہیں ہے اور اسے 5 سے 10 ارب ڈالرز تک لے جایا جا سکتا ہے کیونکہ آنے والے سالوں میں اس میں تیزی کے ساتھ مسلسل اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے انہوں نے پاکستان سے تاجروں کے ویتنام اور ویتنام سے پاکستان کے دوروں پر زور دیا۔