افغان صوبہ ہرات میں بم دھماکہ7 افراد جاں بحق، 9 زخمی

674

کابل: افغانستان کے صوبے ہرات میں مسافر بس میں ہونے والے بم دھماکے میں 7 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے ہرات میں ایک منی بس میں دھماکا ہوا ہے، دھماکا اتنا شدید تھا کہ بس کے پرخچے اُڑ گئے اور خوفناک آگ بھڑک اُٹھی۔ دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں 7 مسافروں کی ہلاکت اور 9 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

کسی گروپ نے تاحال دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، سیکیورٹی اداروں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور فوری سرچ آپریشن شروع کر دیا، پولیس کا کہنا ہے کہ مسافر بس کے فیول ٹینک پر بم نصب کیا گیا تھا۔

جاں بحق ہونے والوں میں 4 خواتین بھی شامل ہیں جب کہ زخمیوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ مسافر بس دھماکا شیعہ اکثریتی علاقے میں ہوا۔ زخمیوں میں تین افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔