اس ملک کو حقیقی انقلاب کے ذریعے تبدیلی کی ضرورت ہے،سراج الحق

397

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ہمارا ایجنڈا صرف کالے بلدیاتی نظام کی منسوخی ہی نہیں مکمل اسلامی انقلاب ہے،تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے عوام کو مایوس کیا ہے۔جمہوریت کے نام پر سیاست کرنے والے کرپشن کا عالمی ریکارڈ قائم کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی کے باہر جماعت اسلامی کے دھرنے کے چوبیسویں روز جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سراج الحق نے کیا کہ24دنوں سے مسلسل عظیم الشان دھرنے کو جاری رکھنے پر میں کراچی کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،ماؤں،بیٹیوں کو مبارکباد دیتا ہوں کہ سردی اور بارش میں انہوں نے جدو جہد کو جاری رکھا۔انہوں نے کہا کہ آج اس ملک میں بدامنی ہے،میں کراچی سے شہداد پور گیاراستے میں ریٹائر افسر کو فون کیا تو وہ زخمی حالت میں تھے،ڈکیتی ہوئی،65 لاکھ چھین لیے اور 8گولیاں ماری گئیں۔شہر میں بدامنی ہے،شہری محفوظ نہیں ہیں،سندھ کے تمام شہر کھنڈرات میں تبدیل ہو چکے ہیں،کوئی پوچھنے والا نہیں ہے،اس کا واحد حل شریعت کا نفاذ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا بلدیاتی قانون کے حد تک نہیں ہے ہمارا ایجنڈا مکمل اسلامی انقلاب ہے،اسلامی نظام آئے گا تو سب کو حق ملے گا،مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلموں کو بھی حق ملے گا۔شریعت کے نظام کے لیے ہم نے جدو جہد کرنی ہے،ہم شریعت کے نظام کو نافذ کرنے کے لیے 22کروڑ عوام سے تعاون چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج صورتحال یہ ہے کہ چائے کے ہر گھونٹ اور کھانے کے ہر نوالے پر ٹیکس ہے،میت کے کفن پر بھی 17 فیصد ٹیکس لگایا گیا،سانس لینا مشکل ہو گیا ہے،غدار ابن غدار ہم پر مسلط ہیں،نظام تعلیم کو شریعت کے نظام سے محروم رکھا ہے،کبھی کسی سیاسی جماعت کبھی کسی سیاسی جماعت کی صورت میں جبر کا نظام مسلط ہے۔یہ ایسٹ انڈیا کا تسلسل ہے،انہوں نے عوام کو غلام بنا کر رکھا ہے،74سالوں میں ہم نے ایک دن اسلامی نظام نہیں دیکھا۔

سراج الحق نے کہا کہ
حکمرانوں نے امریکہ اور آئی ایم ایف کی غلامی قبول کرلی ہے،انہوں نے نظریہ پاکستان کے ساتھ غداری کی ہے۔24روز سے کراچی کے شہری احتجاجی دھرنے میں ہیں،ہماری عدالتیں سو موٹو نہیں لیتیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اتنے سنگ دل حکمران میں نے کبھی نہیں دیکھے،جمہوریت کے نام پر سیاست کرنے والے کرپشن کا عالمی ریکارڈ قائم کر رہے ہیں،اتنے جنگل کے درندے بھی سنگ دل نہیں ہوتے،جمہور تو میرے سامنے ہے،جمہور کا مطالبہ ہے کہ بلدیاتی قانون کوواپس لیا جائے،اور میئر کو با اختیار بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ میں پیپلز پارٹی کو کہنا چاہتا ہوں کہ لوگوں کی آواز سنو،پیپلز پارٹی وہ وقت چلا گیا جب آپ سندھ کارڈ استعمال کرتے تھے،اندر سے پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی ملے ہوئے ہیں،کبھی پی ڈی ایم،پی ڈی ایم کھیلتے ہیں،اس ملک کو حقیقی انقلاب کے ذریعے تبدیلی کی ضرورت ہے-