وزیراعلیٰ سندھ کا کیٹی بندر میں ماہی گیروں کی کشتیاں گم ہونے کا نوٹس

350

 وزیر علیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت ماہی گیروں کو ڈھونڈنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ سید مراد علی شاہ نے کیٹی بندر میں ماہی گیروں کی کشتیاں گم ہونے کا نوٹس لے لیا ہے، وزیر اعلی سندھ نے کمشنر حیدرآباد اور فشریز ڈپارٹمنٹ کو ماہی گیروں کی مدد کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیر اعلی سندھ کا کہنا تھا کہ ایڈمنسٹریٹر اور پولیس مل کر ماہی گیروں کو تلاش کر کے واپس لے آئیں، ٹھٹھہ اور بدین کے سمندری علاقے میں چھوٹے  بڑے جزائر ہیں، 36 لاپتہ ہونے والے ماہی گیروں نے کہیں پناہ لی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ لاپتہ ہونے والے ماہی گیروں کی تلاش کے لیے اگر پاک نیوی سے مدد درکار ہوتو فوری لی جائے، لاپتہ ہونے والے ماہی گیروں کے خاندان اطمینان رکھیں، سندھ حکومت ماہی گیروں کو ڈھونڈنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کمشنر حیدرآباد سے کہا کہ جب تیز ہوائوں اور بارشوں کی پیشن گوئی تھی تو ماہی گیر سمندر میں کیسے گئے؟ کشتیوں کو سمندر میں جانے کی کس نے اجازت  دی، رپورٹ دی جائے۔