پولیس اور صحافت کا چولی دامن کا ساتھ ہے،ڈی آئی جی پولیس

486

 

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) ڈی آئی جی پولیس ذوالفقار علی مہر نے کہا ہے کہ پولیس اور صحافت کا چولی دامن کا ساتھ ہے، ماضی کی نسبت کمیونٹی پولیسنگ میں اضافہ ہوا ہے، میڈیا کے ذریعے کافی مسائل کا پتہ چلتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں ورکنگ جرنلسٹ پینل کی شاندار کامیابی پر پریس کلب میں نو منتخب عہدیداروں کو مبارک باد دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر نذیر پہنور، نائب صدر اظہر کریم جیلانی، جنرل سیکرٹری عاطف بلوچ، جوائنٹ سیکرٹری شاہد خاصخیلی، خازن شیخ عاشق علی، پریس سیکرٹری اسلم بلوچ، گورننگ باڈی کے اراکین، ڈی ایس پی عطاء محمد نظامانی، انسپکٹر نذر پہنور اورصحافی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ ذوالفقار مہر نے کہا کہ آپ کے منتخب ہونے کے بعد آپ کے کاندھوں پر ذمہ داریوں کا بوجھ بڑھ گیا ہے کیونکہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے اور صحافیوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، صحافی اپنے قلم کا درست استعمال کر کے معاشرے میں بہتری لانے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور صحافیوں کا چولی دامن کا ساتھ ہے اور بہت سی معلومات ہمیں صحافیوں کی جانب سے شائع ہونے والی خبروں سے ملتی ہیں اور ماضی کی نسبت میں کمیونیٹی پولیسنگ میں اضافہ ہوا ہے اس سے قبل ڈی آئی جی ذوالفقار علی مہر نے نو منتخب عہدیداروں کو مبارک باد دی اور پھول پیش کیے۔