سندھ میں پیپلزہارٹی کا بھرپور مقابلہ کریں گے،مبین جتوئی

426

سکھر(نمائندہ جسارت) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے نو مقررہ جنرل سیکرٹری مبین احمدجتوئی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے سندھ میںدہرا بلدیاتی نظام لاگو کرنے کیلیے کالا بلدیاتی قانون پاس کیا ہے، جس کی ہر موڑ پر مخالفت کریں گے ، پیپلز پارٹی کے خاتمے کا وقت آگیا ہے، پی ٹی آئی سمیت سندھ کے عوام کا درد رکھنے والی ہر جماعت اس نظام کے خلاف ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان تحریک انصاف سندھ کے جنرل سیکرٹری مبین جتوئی نے عہدہ ملنے کے بعد پہلی بار سکھر آمد کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میںدھرے نظام کے بل کیخلاف یک آواز ہوکر اٹھیں گے، 27 فروری کو کراچی میں ڈبل نظام کے خلاف احتجاج کی قیادت صوبائی صدر علی زیدی کریں گے ، ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق مبین احمد جتوئی کی پی ٹی آئی سندھ کا جنرل سیکرٹری مقرر ہونے کے بعد کراچی سے سکھر آمد پر، خیرپور ببرلو بائی پاس، سٹی پوائنٹ سمیت مختلف مقامات پرپی ٹی آئی سیکرٹریٹ تک کارکنان نے گل پاشی کر کے شاندار استقبال کیا، زیریںسندھ کے مختلف اضلاع سے ہزاروں کی تعداد میں کارکنان قافلوں کی صورت میں سکھر پہنچے تھے۔اس موقع پر سکھر، لاڑکانہ، شکارپور، کشمور، کندھکوٹ، جیکب آباد، گھوٹکی اور خیرپور سمیت دیگر اضلاع سے کارکنان ہزاروں کی تعداد میں ان کے استقبال کے لیے پہنچے اورمبین جتوئی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور نعرے بازی کی ۔پی ٹی آئی سیکرٹریٹ سکھر پہنچنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مبین جتوئی نے کہا کہ پیپلز پارٹی خود کو سندھ کا وفادار بتاتی ہے تاہم اس کے جھوٹے دعووں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب سندھ کے باشعور عوام جاگ چکے ہیں، خود کو عوامی نمائندگان بولنے والوں کے جھوٹ پرکوئی یقین نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سندھ ، سندھ کے عوام کو خوشحالی اور مضبوط دیکھنا چاہتی ہے،اس لیے وزیر اعظم نے نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے آسان شرط پر قرض دیے تا کہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہوکر ملک اور ملک کے عوام کی خدمات کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عملی طور پر کام کر رہی ہے، جس کا ثبوت عوام کے سامنے ہے، سندھ میں پیپلزہارٹی کا بھرپور مقابلہ کریں گے، 27 فروری کو گھوٹکی سے شروع کیے جانے والے مارچ میں سندھ اور سندھ کے عوام کیساتھ پیپلز پارٹی کی زیادتی سے آگاہ کیاجائیگا، ہم بلاول زرداری کو بتانا چاہتے ہیں کہ آپ 27 فروی کو کراچی سے اسلام آباد جاؤ گے ہم 27 فروری کو گھوٹکی سے کراچی روانہ ہوںگے۔انہوں نے کہا کہ پندرہ سال سے ایک جماعت سندھ پر قابض ہے مگر اس نے عوام کو حقوق اور سہولیات سے محروم کررکھا ہے اب اس کے دن جا چکے ہیں، بلدیاتی انتخابات میں اسے شکست فاش دیں گے۔