لاہور دھماکا: وزیراعلیٰ پنجاب کی اسپتال میں زخمیوں کی عیادت

181

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار انار کلی بم دھماکے میں زخمی افراد کی عیادت کیلیے میو اسپتال پہنچ گئے، فرداً فرداً زخمیوں کے پاس جا کر خیریت دریافت کی اور علاج معالجے اور دیگر امور کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بم دھماکے میں زخمی خاتون کو دلاسہ دیا، شیراز نامی نوجوان کے 5 کامیاب آپریشن ہونے پر ڈاکٹروں کو شاباش دی اور کمشنر لاہور کو شیراز کی مالی امداد کی ہدایت بھی کی۔ زیر علاج زخمی نے وزیراعلیٰ سے گفتگو میں کہا کہ آپ ہمارے سرپرست ہیں، اب ہمیں کوئی فکر نہیں۔ بزرگ مریض نے وزیراعلیٰ کو دعائیں دیں اور کہا کہ ہیلتھ کارڈ کی وجہ سے ہمیں مفت علاج کی سہولت مل رہی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی مولانا طاہر محمود اشرفی کی ملاقات، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قومی یکجہتی اور اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلیے علما کرام کا کردار قابل تحسین ہے، معاشرے میں تحمل، برداشت اور بھائی چارے کے فروغ کیلیے علما نتیجہ خیز کردار ادا کرسکتے ہیں۔ مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلیے قابل تحسین کردار ادا کر رہی ہے، عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے علماء اپنا بھرپور کردار جاری رکھیں گے۔