ملک بھر میں شہید مولانا عبدالحمید الرحمتی کی غائبانہ نماز جنازہ

174

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت غربا اہلحدیث پاکستان کے امیر و رئیس جامعہ ستاریہ الاسلامیہ مولانا عبدالرحمن سلفی کی ہدایت پر کراچی پریس کلب اور ملک بھر کی اہلحدیث مساجد میں غائبانہ نمازجنازہ ادا کی گئی اور احتجاج اور متفقہ قرارداد منظور کی گئی جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اہلحدیث عالم دین شہید مولانا عبدالحمید الرحمتی مہتمم قرآن و حدیث جامعہ سلفیہ پشاور کے قاتلوں کو گرفتار کرکے پھانسی دے تاکہ ملک بھر کے اہلحدیثوں میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو بصورت دیگر علماء اہلحدیث کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کیخلاف ملک بھر میں سخت ردعمل کا اظہار کریںگے۔ اس موقع پر اہلحدیث علما نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت علماء اہلحدیث کے تحفظ میں ناکام ہے، وزیراعظم فوری طور پر شیخ الحدیث مولانا عبدالحمید کے قتل کا نوٹس لیں اور علماء اہلحدیث کے تحفظ کیلیے انہیں سیکورٹی مہیا کی جائے۔ علمانے کہا ہم پرامن لوگ ہیں ہمارے لیے ملک کی سلامتی اہم ہے ہم نے ہمیشہ اسلام و پاکستان کے استحکام کیلیے قربانیاں دیں پاکستان کے دشمنوں نے عظیم عالم دین کو شہید کرکے پاکستان کے اداروں کیلیے سوالیہ نشان چھوڑا ہے۔ کراچی پریس کلب پر غائبانہ نماز جنازہ میں مولانا پروفیسر حافظ محمد سلفی، مولانا مفتی یوسف قصوری، مولانا مفتی انس مدنی، مولانا ابرہیم جونا گڑھی کے علاوہ علما اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔