آئی سی سی نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کر دیا

344

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے، پاکستان اور بھارت ایک بار پھر ایک ہی گروپ میں ہیں۔

شیڈول کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 16 اکتوبر سے 13 نومبر تک آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ میں 16 ٹیموں کے درمیان 45 میچ کھیلے جائیں گے۔ ورلڈ کپ کے میچز آسٹریلیا کے 7 شہروں میں کھیلے جائیں گے۔ میگا ایونٹ کا ابتدائی میچ سری لنکا اور نمیبیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 23 اکتوبر کو میلبرن میں آمنے سامنے آئیں گی۔ جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں پاکستان کے گروپ میں شامل ہیں۔

ٹورنامنٹ کے سپر 12 راونڈ کا آغاز 22 اکتوبر کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے میچ سے ہوگا۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں 3 نومبر کو مد مقابل ہوں گی۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں 6 نومبر کو آمنے سامنے آئیں گی۔

دو ٹیمیں کوالیفائنگ راونڈ سے پاکستان کے گروپ کا حصہ بنیں گی۔ سپر 12 مرحلے میں ٹیمیں 2 گروپس میں تقسیم ہوں گی۔

ورلڈ کپ فائنل میلبرن میں 13 نومبر کو ہوگا۔