دہشت گردی کی نئی لہر پوری قوم کے لیے لمحہ فکریہ ہے

509

لاہور: امیر تنظیم اسلامی شجاع الدین شیخ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی نئی لہر پوری قوم کے لیے لمحہ فکریہ ہے، بلوچ نیشنلسٹ آرمی (بی این اے)کا اِس دہشت گردی کی ذمہ داری قبول کرنا صاف ظاہر کرتا ہے کہ اِس دہشت گردی کی پشت پر ہمارا ازلی اور دیرینہ دشمن بھارت ہی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ معصوم شہریوں کو شہید کرنا انتہائی بزدلانہ اور سفاکانہ فعل ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ حساس اداروں کی طرف سے ممکنہ دہشت گردی کا الرٹ جاری ہونے کے باوجود ایسے ہولناک واقعہ کا سدِّ باب نہ ہونا ہمارے سکیورٹی اداروں کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ ریاست کو اِس حوالے سے بہت چوکنّا رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ خطے میں کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے اور دشمن ہمارے اندرونی حالات میں مزید بگاڑ پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کرے گا۔ اُنھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومت، اپوزیشن سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لے تاکہ ساری قوم متحد ہو کر اِن دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنا سکے۔